نئی دہلی،24 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) دہلی پولیس نے نئے زرعی قوانین کے خلاف کانگریس کومارچ نکالنے کی اجازت سے انکار کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نئی دہلی ضلع میں سیکشن 144 نافذہے اور ڈی ڈی ایم اے کی ہدایات کے مطابق کورونا کے پیش نظر بھیڑ جمع نہیں کی جاسکتی ہے۔ دہلی پولیس نے کہا کہ راشٹرپتی بھون سے نامزد صرف تین کانگریس لیڈروں کو ہی اجازت ہوگی۔
دہلی پولیس کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد اور ادھیر رنجن چودھری کو راشٹرپتی بھون جانے کی اجازت دی گئی۔ اس کے علاوہ کسی بھی رہنما کو راشٹرپتی بھون جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔کانگریس کو آج مارچ نکالنے اجازت نہیں ملی ہے۔
تاہم راہل گاندھی سمیت تین رہنما راشٹرپتی بھون کا دورہ کرسکیں گے۔ اسی کے ساتھ ہی نئی دہلی کے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور راشٹرپتی بھون کے قریب سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ادھر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے بھی ٹویٹ کرکے حکومت کو نشانہ بنایا۔
راہل نے کہا ہندوستان کے کسان اس طرح کے مظالم سے بچنے کے لئے زرعی مخالف قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، اس ستیہ گرہ میں ہم سب کو ملک کے کسانوں کا ساتھ دینا ہوگا۔